کینڈا،20اکتوبر(ایجنسی) کینیڈا کے وزیر اعظم اور قدامت پسند رہنما اسٹیفن ہارپر نے پارلیمانی انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی قیادت والی لبرل پارٹی کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنے استعفے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات کے جزوی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حزب اختلاف کی
جماعت لبرل پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی ہے اور کنزرویٹو پارٹی کا نو سالہ دور حکمرانی ختم ہو گیا ہے۔ لبرل پارٹی کے رہنما جسٹن ٹروڈو کو 189 انتخابی حلقوں میں برتری حاصل ہے اور جسٹن ٹروڈو اب اکثریتی حکومت تشکیل دے سکیں گے۔ اطلاعات کے مطابق کنزرویٹو وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے، جن کی پارٹی کو 102 حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی، اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔